اسلام آباد(میپ نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق اپوزیشن اور ہندوستان ایک پیج پر ہیں۔تفصیل کےمطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق حکومتی اقدامات اور ترجمانوں کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق بریفنگ دی گئی، جب کہ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف قانون سازی میں اپوزیشن کے کردار سے متعلق بات کی۔ایف اے ٹی ایف قانون سازی روکنے پر اپوزیشن کا کردار قوم کے سامنے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل ہو، جب کہ اپوزیشن نے حکومت کو بلیک میل کرنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کی قانون سازی روکی، ایف اے ٹی ایف سے متعلق اپوزیشن اور ہندوستان ایک پیج پر ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہر جمہوریت میں اپوزیشن کا ملک کے لیے اہم کردار ہوتا ہے، موجودہ اپوزیشن صرف اپنی کرپشن بچانے کے لیے ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے، اپوزیشن انسداد منی لانڈرنگ قانون میں اپنے مفاد کی ترامیم چاہتی ہے، یہ لوگ کس طرح کس طرح ذاتی مفادات کو قومی مفاد پر ترجیح دے رہے ہیں۔
