Map News

اپوزیشن کا 20 ستمبر کو آل پارٹیز کانفرنس کا اعلان

اسلام آباد(میپ نیوز) اپوزیشن نے 20 ستمبر کو کل جماعتی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کردیا، رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم درانی نے کہا ہے کہ کل جماعتی کانفرنس بلاول ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی۔ تفصیل کے مطابق اکرم درانی کی زیر صدارت 11 اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومتی اتحاد چھوڑنے والی بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں حکومت کے خلاف ممکنہ تحریک کے حوالے سے مشاورت اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں چھوٹی جماعتوں کے نمائندوں نے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے کردار پر سوالات اٹھا دیئے، اراکین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے پہلے بھی اپوزیشن کا کھل کر ساتھ نہیں دیا، اب کیا گارنٹی ہے کہ دونوں جماعتیں اس بار مشترکہ اپوزیشن کو دھوکا نہیں دینگی؟۔ جس پر پی پی اور (ن) لیگ اراکین کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جو مشترکہ فیصلہ کرے گی اس کے ساتھ ہیں۔ذرائع کے مطابق بھرپور گلے شکووں کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر اتفاق ہوگیا۔ رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمیٹی کے کنونیئر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ کمیٹی کا اجلاس کافی دنوں بعد ہوا ہے، ملک کے لیے اپوزیشن کا متحد ہونا ضروری ہے، اپوزیشن کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔اکرم درانی نے بتایا کہ 20 ستمبر کو کل جماعتی کانفرنس بلاول ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی، اے پی سی ایجنڈے میں آزاد و شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، ایسے الیکشن جن میں مداخلت نہ ہو، مشاورت چل رہی ہے کہ موجودہ حکومت ایک دن بھی نہ چلے، ان ہاؤس تبدیلی کرنی ہے یا کچھ اور اے پی سی طے کرے گی۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب

سائنس اور ٹیکنالوجی

اہم خبریں

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Map News. All Rights Reserved