اسلام آباد (میپ نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ۔اس موقع پر صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، مسلح افواج نے ملک کو درپیش چیلنجز پر موثر طور پر قابو پایا۔ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے بےمثال جرات،پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کے مذموم منصوبے ناکام بنائے ہیں ۔جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم شہدا و دفاع کے موقع پر اعزازات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کل بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دُشمن کو شکست دی تھی، آج بھی دُشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا، نہ ہم پر کوئی دھمکی اثر انداز ہو سکتی ہے، افواجِ پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں۔ دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دیں گے، وقت ہمیں کئی بار آزما چکا ہے، ہم ہر بار سرخرو ہوئے، پاکستان ایک زندہ حقیقت ہے، ہمارا خون، ہمارا جذبہ، ہمارا عمل ہر محاذ پر اس کی گواہی دے گا۔
