اسلام آباد(میپ نیوز)نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کورونا کے باعث ملک بھر میں 13 تعلیمی ادارے بند کردیئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں 13 مزید تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں، یہ ادارے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایس او پیز پرعمل نہ کرنے پر بند کئے گئے، این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر وبا تعلیمی اداروں میں پھیلی۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق سب سے زیادہ 10 تعلیمی ادارے خیبرپختون خوا میں بند کیے گئے. جب کہ سندھ کے 3 تعلیمی اداروں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بند کیا گیا، این سی او سی نے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایات جاری کی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کورونا سے بچنے کی احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے پر ملک بھر میں 22 تعلیمی ادارے بند کردیے گئے تھے۔
