لاہور (میپ نیوز) ترک ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اینگن ذوالتان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کی محبت سے بخوبی آگاہ ہوں، مستقبل قریب میں پاکستان ضرور جاؤں گا۔ پاکستان اور پاکستانی عوام سے محبت کرتا ہوں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ترکی کے ڈراموں کی نمائش کوئی نئی بات نہیں۔ ماضی میں بھی کئی ترک ڈرامے پیش کیے جاتے رہے ہیں لیکن جو شہرت ارطغرل غازی کو مل رہی ہے، وہ بے مثال ہے۔رواں سال کے ابتدائی مہینوں میں پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی ہوم سے نشر ہونے والے ڈرامے ارطغرل غازی کو پہلی ہی قسط سے عوامی پذیرائی ملنی شروع ہو گئی تھی اور آج یہ ڈرامہ شہرت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔اس کی شہرت کا اندازہ اس سے بھی بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے عوام ترک فن کاروں کی پاکستان میں آمد کے منتظر ہیں۔ شہرت کے سبب ہی اس ڈرامے کے مختلف فن کاروں کو پاکستان سے ماڈلنگ اور تشہیری پراجیکٹس میں کام کرنے کی متعدد پیشکشیں ہو رہی ہیں۔
