اسلام آباد(میپ نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا افغانستان میں امن علاقائی ترقی کیلئے ضروری ہے، ہمیں امن عمل کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے خبردار رہنا ہے، ہم افغان مہاجرین کی عزت و وقار سے واپسی کے خواہاں ہیں، بہترین مستقبل کیلئے ہمیں ماضی کی غلطیوں کو بھول کر آگے بڑھنا ہوگا۔انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا افغانستان میں مفاہمتی عمل کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے مذاکرات میں امن عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی، خطے میں امن افغانستان میں امن سے مشروط ہے، افغانستان میں امن اور استحکام پاکستان کیلئے بہت اہم ہے، بین الافغان مذاکرات کا آغاز بہت اہم قدم ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا عالمی برادری افغان مسئلے کے سیاسی حل کی حمایت کر رہی ہے، اس بات کا اعتراف ہوا ہے کہ افغان مسئلہ مذاکرات سے حل ہوگا، افغان قیادت کو قیام امن کے اس موقع سے فائدہ اٹھانا ہے، اسلام آباد اور کابل کو معاملات کے حل کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔
