Map News

پشاور والے گھر کا وہ کمرہ آج بھی یاد ہے جہاں خواتین نماز پڑھتی تھیں، دلیپ کمار

ممبئی(کوہسار نیوز) بھارتی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار نے پشاور کے قصہ خوانی بازار میں واقع اپنے آبائی گھر کی یادیں شیئر کی ہیں۔حال ہی میں خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں واقع بھارتی لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کی دوبارہ تزئین و آرائش کرکے انہیں میوزیم قرار دینے کا فیصلہ کیاہے۔ اس خبر کو سن کر بھارت میں موجود دلیپ کمار اور ان کی اہلیہ بہت خوش ہیں۔دلیپ کمار نے چند روز قبل پشاور کے شہریوں سے ان کے آبائی گھر کی تصاویر شیئر کرنے کی بھی درخواست کی تھی اور اب ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے چند ٹوئٹس کی گئی ہیں جن میں انہوں نے پشاور والے گھر میں گزارے گئے وقت اور اپنے بچپن کی حسین یادیں لوگوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔دلیپ کمار نے لکھا ہمارے پشاور والے گھر میں میری والدہ ہمیشہ بڑے سے کچن میں مصروف رہتی تھیں اس وقت میں بہت چھوٹا تھا اور انتظار کرتا تھا کہ کب میری والدہ کچن کے کام ختم کریں تاکہ میں ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کا خوبصورت چہرہ دیکھ سکوں۔مجھے اس گھر کا وہ کمرہ یاد ہے جہاں تمام گھر والے شام کی چائے کے لیے جمع ہوتے تھے۔ وہ ایک کشادہ کمرہ تھا اور اسی کمرے میں خواتین عبادت کرتی تھیں۔ اس کے علاوہ مجھے اس گھر کا ٹیرس، کمرے اور ہر چیزیاد ہے۔مجھے واضح طور پر یاد ہے اپنے دادا کی پیٹھ پر بیٹھ کر سواری کرنا اور وہ خوفناک کہانیاں جو دادی مجھے سناتی تھیں تاکہ میں اکیلے باہر نہ جاؤں۔میرے پاس قصہ خوانی بازار کے گھر کی خوبصورت یادیں ہیں جہاں مجھے اپنی زندگی کا پہلا سبق ملا جس نے بعد میں مجھے اسکرپٹ منتخب کرنے میں رہنمائی کی۔ ہر روز جب قصہ خوانی بازار میں تجارت بند ہوتی تھی تو ایک کہانی سنانے والا بہادری، فتح، فریب اور انتقام کی داستانیں بیان کرتا تھا جنہیں میں اپنے والد اور انکل کے ساتھ بیٹھ کر بڑی توجہ سے سنتا تھا۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب

سائنس اور ٹیکنالوجی

اہم خبریں

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Map News. All Rights Reserved