کراچی(میپ نیوز)پولیس سے جھگڑا کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں گرفتار ن لیگ کے رہنما نہال ہاشمی اور ان کے دو بیٹوں کی درخواست ضمانت منظور ہو گئی۔کراچی میں ن لیگ کے رہنما نہال ہاشمی کے بیٹے کا پولیس اہلکاروں سے مبینہ بدتمیزی کا واقعہ سامنے آیا تھا جس پر پولیس نے نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کو گرفتار کر کے تینوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔آج پولیس نے نہال ہاشمی اور ان کے دونوں بیٹوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا جہاں پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی سے متعلق مقدمہ کی سماعت ہوئی۔عدالت نے نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کی ضمانت 20، 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔
