مظفر آباد(میپ نیوز) آزادکشمیر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر دوبارہ لاک ڈاون نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق زیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت اجلاس میں آزادکشمیر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعظم نے اعلیٰ افسران و انتظامیہ کو دو دن میں مکمل حکمت عملی اور بندش کو موثر بنانے کی تجاویزتیار کرنے کی ہدایت کر دی۔راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ آزادکشمیرمیں مثبت آنے والے کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ تین فی صد ہے، جو پاکستان بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر میں مذہبی اجتماعات سیاسی و سماجی تقریبات بھی محدود کی جائیں گی۔ گھر سے باہر اور دفاتر میں ماسک کی مکمل پابندی ہوگی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس سے پہلے حالات بے قابو ہو جائیں ہمیں سخت اقدامات کرنے ہیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بازار غیر ضروری دفاتر تعلیمی اداروں پر مکمل و جزوی بندش کی تجاویز طے کرنے کی ہدایت بھی کردی۔ علاوہ ازیں آزادکشمیر کے انٹری پوائنٹس پر چیکنگ ٹرانسپورٹ و تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔
