کراچی(میپ نیوز)کراچی میں پیپلز پارٹی کی جانب ’کراچی یکجہتی ریلی‘ کے نام سے پاور شو کیا گیا۔پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کی قیادت میں ریلی کا آغاز عائشہ منزل سے ہوا جس میں خواتین و مرد جیالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی لیاقت آباد، تین ہٹی اور پیپلز سیکرٹریٹ سے ہوتی ہوئی صدر ایمپریس مارکیٹ پہنچی۔ایمپریس مارکیٹ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی کا کہنا تھا کہ آج کی ریلی کراچی سندھ کو تقسیم کرنے کے خلاف ہے، اس ریلی میں تمام زبانیں بولنے والے شریک ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ایم کیو ایم کے مؤقف کی تائید کر رہے ہیں، آج کا دن کراچی کی عوام کو سلام پیش کرنے کا دن ہے، اب وقت آگیا ہے کہ لسانیت کی سیاست کرنے والوں کا خاتمہ ہوگا۔پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے ریلی سے خطاب میں کہاکہ پیپلز پارٹی ختم ہونے کی باتیں کرنے والے دیکھ لیں، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، گِرتی دیواروں کو دھکا دیتے جائیں گے اور بلاول کو لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی تلے دبے لوگوں کی بحالی ہمارا نصب العین ہے۔
